عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لگانے کی کم تعداد اور کم ٹیسٹنگ کی وجہ سے کورونا کی نئی اقسام پیدا ہو رہی ہیں۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ کورونا کی ایک قسم ڈیلٹا کو روکنے سے اومی کرون کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ تیدروس ایڈہانوم نے دنیا سے اپیل کی کہ نظام صحت اور ایس او پیز کو بہتر بنا کر وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ سب سے پہلے فوری طور پر کمزور افراد کو ویکسین لگائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ڈیلٹا ویریئنٹ سے نمٹنے کے لیے موجود طریقوں کو استعمال کرنا ہو گا اور اگر ہم یہ کرتے ہیں تو ہم اومی کرون کے پھیلاؤ کو بھی روک سکتے ہیں۔‘ ’لیکن اگر دنیا کے ممالک وہ نہیں کرتے جو ڈیلٹا کو روکنے کے لیے کرنا چاہیے تو پھر اومی کرون کو بھی نہیں روکا جا سکے گا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’عالمی سطح پر ویکسینیشن بھی کم ہو رہی ہے اور ٹیسٹنگ بھی، جس سے نئی اقسام پیدا ہو رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم دنیا سے اپیل کر رہے ہیں کہ ویکیسن کی تقسیم اور ٹیسٹنگ پوری دنیا میں مساوی بنائی جائے۔‘
0 Comments